بلغراد۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خراب فارم اور فٹنس سے برسرپیکار دنیا کے سابق نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے اپنے ہیڈ کوچ امریکہ کے آندرے اگاسی سے ناطہ توڑ لیا ہے ۔جوکووچ کہنی کی چوٹ کی وجہ کافی وقت کورٹ سے باہر رہے اور چوٹ سے باہر نکلنے کے بعد سربیا ئی کھلاڑی فارم کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔اگاسی نے جوکووچ سے الگ ہونے کے بعد انہیں مستقبل کے لئے نیک خواہشات دی ہیں۔اگاسی سے الگ ہونے کے بعد اب جوکووچ کے کوچنگ عملے میں جمہوریہ چیک کے رادک اسپنیک رہ گئے ہیں جو گزشتہ سال فرانسیسی اوپن سے پہلے اگاسی کے ساتھ پارٹ ٹائم بنیاد پر جڑے تھے ۔12 گرینڈ سلیم خطاب کے فاتح جوکووچ کی فارم میں 2016 میں فرانسیسی اوپن ٹائٹل جیتنے اور کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنے کے بعد زبردست کمی ہوتی چلی گئی۔وہ 2017 میں فرانسیسی اوپن میں اپنے خطاب کا دفاع نہیں کر پائے اور پھر ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں جمہوریہ چیک کے ٹامس بیردچ کے خلاف ریٹائر ہو گئے ۔30 سالہ جوکووچ کہنی کی چوٹ کی وجہ سے چھ ماہ تک کورٹ سے باہر رہے ۔انہیں اس سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے آخری 16 میں جنوبی کوریا کے نوجوان کھلاڑی چنگ ھیون سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جوکووچ نے اس کے بعد اپنی کہنی کی سرجری کرائی لیکن کورٹ میں واپسی کے بعد سے وہ کوئی اثر نہیں چھوڑ پائے ہیں۔جوکووچ کو انڈین ویلز کے پہلے دور میں جاپان کے تارو ڈینیل اور میامی اوپن میں فرانس کے بنیٹ پیئر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سربیا کے کھلاڑی کو 14 سے 22 اپریل تک ہونے والے مونٹی کارلو ماسٹرز میں کھیلنا ہے ۔