سابق سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوفی عنان کا انتقال

جنیوا 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل کوفی عنان کا آج انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 80 سال تھی ۔ وہ اقوام متحدہ کے پہلے افریقی سکریٹری جنرل تھے اور انہیں زبردست مقبولیت بھی حاصل ہوئی تھی ۔ کوفی عنان فاونڈیشن نے سوئیٹزرلینڈ میں ان کی موت کا آج اعلان کیا ۔ کہا گیا ہے کہ وہ کچھ وقت سے علیل تھے تاہم اس بیماری کی اطلاع نہیں دی گئی ۔ کوفی عنان فاونڈیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کوفی عنان نے زندگی بھر ضرورت مندوں کی مدد کی ہے ۔ جہاںکہیں ضرورت محسوس ہوتی وہ وہاں پہونچ جاتے اور اپنے جذبہ اور خدمت سے انہوں نے لوگوں کے دل موہ لئے تھے ۔ عنان نے عملا اپنی ساری زندگی ایک بہترین منتظم کی حیثیت سے اقوام متحدہ میں گذاری ہے ۔ ان کا انداز کارکردگی مختلف تھا اور وہ انتہائی صبر و تحمل سے کام کرنے والی شخصیت تھے ۔ وہ اقوام متحدہ کے ساتویں سکریٹری جنرل تھے ۔ انہوں نے یکم جنوری 1997 سے 31 ڈسمبر 2006 تک اقوام متحدہ سکریٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہیںنوبل کا امن انعام بھی دیا گیا تھا ۔ اپنی معیاد کے دوران کوفی عنان نے کچھ انتہائی مشکل وقتوں میں بھی کام کیا ہے اور اس دوران عالمی ادارہ کی کارکردگی پر سوال بھی اٹھائے گئے تھے ۔ ابتداء ہی سے اس عالمی ادارہ میں انہیں چیلنجس کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی وجہ سے انہیں اقوام متحدہ کے بگڑے ہوئے امیج کو بہتر بنانے کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑی تھی ۔ انہوں نے اپنی معیاد کے دوران دنیا کی تقریبا سبھی طاقتوں کے ساتھ کام کیا ہے لیکن ان کے کردار میں کبھی جھول محسوس نہیں کیا گیا اور وہ کرشماتی شخصیت کے مالک رہے تھے ۔ اس دوران اقوام متحدہ کے موجودہ سکریٹری جنرل انٹونیو گواٹریس نے کوفی عنان کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ وہ ہمیشہ بہتری کیلئے رہنمائی کرتے رہے ہیں۔ انہیں کوفی عنان کے انتقال کی اطلاع پر گہرا صدمہ ہوا ہے ۔ وہ انتہائی نچلی سطح سے جدوجہد کرتے ہوئے آگے بڑھے تھے اور پھر سکریٹری جنرل کے عہدہ تک پہونچ گئے تھے ۔