برقی سب اسٹیشن کی سنگ بنیاد تقریب سے رکن پارلیمان نظام آباد کویتا کا خطاب
نظام آباد:30؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد میں مسائل سے مکمل واقفیت حاصل کی گئی اوران مسائل کو سلسلہ وار حل کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کے کویتا نے کمر پلی منڈل کے ہاساکتور میں 1.16 کروڑ روپئے سے تعمیر کردہ برقی سب اسٹیشن کے کاموں کا رکن اسمبلی مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک جلسہ سے کیا۔ ضلع میں آبی مسائل کی مکمل تفصیلات سے واقفیت حاصل کی گئی ہے آبی مسائل کی یکسوئی کیلئے وزیر آبپاشی مسٹر ہریش رائو، اور محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کی جائے گی۔ پارلیمانی حلقہ میں 20 منڈل سے اور ہر منڈل کو سال میں ایک مرتبہ فنڈس دیتے ہوئے اس کی ترقی کیلئے کوشش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ریاست میں موجودہ برقی کی قلت کے ذمہ دار سابق حکمراں ہیں ،برقی مسائل کے حل کیلئے کوشش کی جارہی ہے کئی افراد کی قربانیوں کے ذریعہ ہی تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے ۔60 سال کی آزادی کے بعد بھی تلنگانہ میں مسائل حل طلب ہیں ۔سابق حکمرانوں کی پالیسی کی وجہ سے یہ مشکلات پیش آرہی ہیںان مشکلات کو دور کرنے کیلئے ہر منڈل و دیہات کو ترقی دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ہاساکتورسے کریم نگر ضلع کے چنتا کوتل سڑک کی تعمیر کیلئے تخمینہ کیا گیا ہے اور اس کی منظوری کیلئے نمائندگی کی گئی ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پرشانت ریڈی نے کہا کہ موڑتاڑ منڈل کے کسانوں کو سیراب کا پانی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے اور عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی ہے۔ چوٹ پلی ہنمنت ریڈی لفٹ ایریگیشن کی اسکیم سے تمام دیہاتوں کو پانی فراہم کرنے کیلئے بھی کوشش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ضلع پریشد وائس چیرمین سمنا ریڈی، ڈسٹرکٹ کوآپریٹو مارکٹ سوسائٹی کے صدر ایم کے مجیب الدین و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔