پٹنہ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق جنتا پریوار کی چھ سیاسی پارٹیوں کے مرکزی حکومت کا مقابلہ کرنے اتحاد کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے سی پی آئی ایم کے پولیٹ بیورو کے رکن سیتا رام یچوری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سابق جنتا پریوار کے ایک پلیٹ فارم پر متحدہ ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیںجو بی جے پی کے عروج کا مقابلہ کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔ تاہم ہم اس اتحاد کی پالیسیوں اور اصولوں کا انتظار کریں گے اس کے بعد ہی قومی سطح پر اس میں شامل ہونے پر غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں کو پہلے اپنے اصول اور پالیسیاں واضح کرنے دیئے جو فی الحال غیر واضح ہیں۔ اس کے بعد ہی سی پی آئی ایم اور دیگر بائیں باز و کی پارٹیاں مجوزہ اتحاد میں شمولیت پر غور کریں گی۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی علاقائی پارٹیاں متبادل پلیٹ فارم قومی سطح پر قائم کرنے اور اس میں بائیں بازو کی پارٹیوں کو شامل کرنے کی مخالف ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ بائیں بازو کے بغیر ایسا کوئی اتحاد پائیدار نہیں رہ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو کی پارٹیاں اب بھی ملک میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔