سابق جنتا پریوار کی اتحاد کی کوششوں کا خیرمقدم

پٹنہ۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے سابق جنتا پریوار میں شامل سیاسی جماعتوں کی اتحاد کے لئے جاری کوشش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایسے اتحاد سے بی جے پی کا مقابلہ کیا جاسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بائیں بازو کی پارٹیاں اس اتحاد سے تعاون کریں گی۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سی پی آئی ایم اور دیگر بائیں بازو کی پارٹیاں جنتا پریوار کی رکن سیاسی جماعتوں کی پالیسیوں اور پروگراموں کی مزید وضاحت چاہتی ہیں۔ اس کے بعد ہی ان کی تائید کا فیصلہ کیا جائے گا، تاہم پارلیمنٹ میں سابق جنتا پریوار کے اتحاد کی ابتدائی اقدام کے طور پر تائید کی جائے گی۔