سابقہ مجرم سرقہ کے الزام میں دوبارہ گرفتار

زیورات ، موٹر سائیکلیں اور الیکٹرانک اشیاء ضبط ، ترون جوشی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /15 جولائی ( سیاست نیوز ) میرپیٹ پولیس نے ایک کاروائی میں بدنام زمانہ عادی سارق کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات جوائنٹ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر ترون جوشی نے بتائی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران 22 سالہ بنٹی چنٹی کمار عرف ڈیویڈ عرف راکیش کو میڈیا کے روبرو پیش کیا جو سنگارینی کالونی سعیدآباد کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ جوائنٹ کمشنر نے بتایا کہ اس کے قبضہ سے 120 گرام سونا اور 100 گرام چاندی کے علاوہ 8 موٹر سائیکلیں اور دیگر الیکٹرانک اشیاء 51 ہزار نقد رقم جملہ 9 لاکھ روپئے کی جائیداد کو ضبط کیا گیا ۔ بنٹی سال 2011 میں سایئکل کے سرقہ کے جرم میں بچوں کی جیل منتقل کیا گیا اور بچوں کے جونائیل ہوم سے رہائی کے بعد اس نے دوبارہ سیل فون کا سرقہ کیا ونستھلی پورم پولیس نے اس کو دوبارہ گرفتار کرتے ہوئے جونیائل ہوم میں منتقل کیا اور رہائی کے بعد بنٹی کے حوصلے اور بلند ہوگئے ۔ اس نے اس مرتبہ سائیکل اور سیل فون کو چھوڑ کر موٹر سائیکل کا سرقہ کرلیا اور چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا ۔ سعیدآباد اور میر پیٹ پولیس کی علحدہ کارروائیوں میں یہ عادی سارق چنچل گوڑہ اور چیرلہ پلی سنٹرل جیل کی سزا کاٹ چکا ہے ۔ سال 2015 میں جیل سے رہائی کے بعد اس نے گھروں میں سرقہ کرنا شروع کردیا ۔ رات اور دن کے اوقات وارداتیں انجام دیں ۔ میر پیٹ ایل بی نگر سرور نگر حیات نگر ، چیتنیہ پوری بالاپور اور پہاڑی شریف پولیس اس عادی سارق کے سبب کافی پریشان تھی ۔ بدنام زمانہ عادی سارق بنٹی موٹر سایئکل پر گھوم کر علاقہ کا جائزہ لیا کرتا تھا اور اس کے بعد جس طرف اسے آسانی ہوتی وہ وارداتیں انجام دیا کرتا تھا ۔ یہ عادی مجرم 15 وارداتوں میں ملوث ہے جس نے 8 میرپیٹ حدود میں پہاڑی شریف چیتنیہ پوری میں 2 سرور نگر بالاپور ، ایل بی نگر حیات نگر وارداتیں انجام دی ۔ اس موقع پر ایل بی نگر ڈی سی پی و دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔