برمنگھم ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے آغاز پر سید مودی گرانڈ فری گولڈ خطاب حاصل کرنے والے ہندوستان کے سرفہرست بیڈمنٹن کھلاڑی پروپلی کیشپ اور سائینا نہوال کی اب تمام تر نظریں آل انگلینڈ چمپیئن شپ پر مرکوز ہوچکی ہیں جیسا کہ اس ٹورنمنٹ کے کل یہاں کوالیفائر مقابلے شروع ہورہے ہیں۔ سائنا کیلئے 2014ء ایک کامیاب سیزن رہا جس میں انہوں نے انڈین اوپن، آسٹریلین اوپن اور چائنا اوپن کی شکل میں 3 خطابات حاصل کئے ہیں جبکہ نئے سیزن میں انہوں نے سید مودی خطاب بھی لکھنؤ میں حاصل کیا ہے۔ سائنا نے تاحال آل انگلینڈ چمپیئن شپ نہیں جیتی ہے حالانکہ 2010ء اور 2013ء میں وہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی لیکن وہ اس مرحلہ سے کبھی بھی آگے نہیں بڑھ پائی ہیں۔