اوبیر کپ میں شکست دینا آسان نہیں ۔ تھائی لینڈ کی سوپر اسٹار راٹچانوک کا اظہار خیال
نئی دہلی 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے دنیا کی اول نمبر بیڈ مینٹن اسٹار راٹچانوک انطانون نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اوبیر کپ میں سائنہ نیہوال اور پی وی سندھو کی موجودگی میں ہندوستان کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا ۔ انطانون فی الحال زخموں سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک سخت ٹیم ہے ۔ ہندوستان کی نمبر ایک اور نمبر دو کھلاڑیوں سائنہ نیہوال اور سندھو بہترین کھلاڑی ہیں اور ان میں بہت زیادہ اعتماد ہیں۔ یہ دونوں بہترین صلاحیتوں کی حامل ہیں لیکن ان دونوں کا انداز ایک دوسرے سے جدا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سندھو کے خلاف عالمی چمپئن شپ میں کھیل چکی ہیں تاہم اس وقت وہ پراعتماد نہیں تھیں اور نروس بھی تھیں۔ تاہم وہ بہت اچھی کھلاڑی ہیں اس لئے ان کے خیال میں اوبیر کپ میں ہندوستان کے خلاف امکانات 50 – 50 ہیں۔ راٹچانوک نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ ایک مشکل ڈرا ہے ۔ دونوں ٹیمیں بہترین ہیں۔ تاہم ہم اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کرینگے ۔
ہندوستان ‘ کناڈا اور ہانگ کانگ ہمارے ڈرا میں ہیں۔ ہندوستان اور ہانگ کانگ کے خلاف مقابلے سخت ہونگے ۔ وہ ڈبلز کے تعلق سے زیادہ کچھ نہیں جانتے ۔ تاہم ڈبلز میں بھی ہماری جوڑی بہت اچھی ہے ۔ ہم ہر سنگلز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ ہر پوائنٹ اہمیت کا حامل ہے اور ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے ۔ فی الحال ہم کوارٹر فائنلس تک پہونچنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ تھائی لینڈ کا مقابلہ منگل کو ہندوستان سے ہونے والا ہے ۔ راٹچانوک کو گذشتہ دنوں سے زخموں نے پریشان کر رکھا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ فی الحال ان میں اعتماد کی کمی ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ کوئی دباؤ قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اوبیر کپ میں اپنے ملک کو کامیابی دلانی چاہتی ہیں۔ وہ جس طرح ٹریننگ میں کھیل رہی ہیں اسی طرح میچ میں بھی کھیلنا چہتی ہیں۔ وہ نہیں چاہتیں کہ ٹورنمنٹ کا کوئی دباؤ قبول کریں۔