سائنس کو انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بنانا چاہئے

نارائن پیٹ /29 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سائنس اور ٹیکنالوجی نہ صرف بنیادی ضرورتوں کی کفالت کا ذریعہ ہے، بلکہ معیار زندگی کو اعلی سے اعلی بنانے میں اس کا رول زبردست اہمیت کا حامل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر ایل شرمن ضلع جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر نے نارائن پیٹ میں ضلع سطح کے سائنس فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے مثبت اور منفی دونوں پہلو ہمارے سامنے ہیں۔ سائنس کو انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بنانا چاہئے۔ آج طلبہ اپنا زیادہ تر وقت فون کے استعمال اور ویڈیو گیمس میں صرف کر رہے ہیں، جو وقت کا ضیاع ہے۔ وقت کو ضائع کرنے کی بجائے طلبہ اپنا وقت تعلیمی ترقی اور سائنسی فکر میں صرف کریں تو یہ خود کی اور قوم کی بھلائی کا باعث بنے گا۔ محترمہ یاسمین باشاہ آر ڈی او نارائن پیٹ نے غیر صحت مندانہ تعلیمی مسابقت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاوا دینے کے بجائے تعلیمی ادارے نشانات اور گریڈنگ کی طرف مرکوز ہو گئے ہیں۔

اس رجحان میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ایل رویندر مانیٹرنگ آفیسر راجیو ودیا مشن محبوب نگر نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج ہمارے ملک میں سائنس دانوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے، جب کہ تاریخ شاہد ہے کہ ہمارا ملک بھارت قدیم زمانے میں سائنس و ٹیکنالوجی اور ریاضی کے میدان میں بہت آگے تھا۔ سائنس فیئر کے ذریعہ طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو فروغ کے علاوہ ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ سدرشن ریڈی پرنسپل سوریہ لکشمی ڈگری کالج نارائن پیٹ نے نارائن پیٹ میں ضلع سطح کے سائنس فیئر کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق میں نارائن پیٹ کے طلبہ نے جنوبی ہند کی سطح پر منعقدہ سائنس فیئر میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔

مسٹر رام موہن ریڈی سابق رکن اسمبلی نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کے مظاہرہ پر مسرت کا اظہار کیا، مسٹر رام چندریا ڈی ای او محبوب نگر نے افتتاحی تقریب میں بتایا کہ اس سائنس فییئر میں جملہ 200 اسکولوں کے طلبہ شرکت کر رہے ہیں اور 500 اسٹالس لگائے گئے ہیں۔ سائنس فیئر کے کامیاب انعقاد پر انھوں نے جناب وحید نثار ڈپٹی ڈی ای او کی ستائش کی۔ اس افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر محمد مناف ڈپٹی ڈی ای او ناگر کرنول اور معراج اللہ خاں ڈپٹی ڈی ای او ونپرتی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مسٹر وائی یلاریڈی رکن اسمبلی نے کی۔ انھوں نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بچے کل کے بھارت کا مستقبل ہیں اور ان بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کی ذمہ داری اساتذہ پر ہے۔ سائنس فیئر کے انتظامات میں اساتذہ عبد الواحد ہزاری، محمد حنیف یادگیری، رؤف حسام الدین، سنتوش کمار، وی راملو صدر مدرس، وینکٹ ریڈی صدر مدرس اور دیگر نے حصہ لیا۔