کوپن ہیگن ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کو پھر ایک مرتبہ چینی کھلاڑی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی اور وہ یہاں رواں ورلڈ بیڈمنٹن کے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز سائنا نہوال کے پاس عالمی نمبر ایک چینی کھلاڑی لی زوریو کے مظاہروں کا کوئی جواب نہیں تھا اور 45 منٹوں پر مشتمل مقابلہ میں انہیں 15-21 ، 15-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ بیلارپ سوپر ایرینا میں منعقدہ اس مقابلہ میں کامیابی کے بعد سائنا کے خلاف لی نے اپنی فتوحات کے ریکارڈ 8-2 کرلیا ہے۔ اولمپک میں برونز میڈل حاصل کرنے والی سائنا کو گذشتہ مقابلہ میں بھی کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی تھی۔ تاہم انہوں نے اس مقابلہ میں جاپان کی سایاکا ٹکاشی کے خلاف 14-21 ، 21-18، 21-12 کی کامیابی حاصل کی تھی۔ کوارٹر فائنل میں سائنا نہوال کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں کا لی نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقابلہ کے آغاز پر ہی 9-4 کی سبقت حاصل کرلی تھی جس کے بعد سائنا نے کسی قدر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اس فرق کو 10-8 کرتے ہوئے مقابلہ میں واپسی کی کوشش کی۔ تاہم مقابلہ کے آگے بڑھنے کے ساتھ سائنا کے مظاہروں میں تیزی ختم ہوتی گئی۔ مقابلہ کے دوران سائنا پر تھکان واضح دکھائی دے رہی تھی اور وہ حریف کھلاڑی کے خلاف تیز رفتار مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی ۔