سائنا کو طویل عرصہ تک نمبر ایک پر برقراری کا یقین

بنگلورو۔17 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بیڈمنٹن کے حالیہ رینکنگس میں حاصل ہونے والے پہلا مقام برقرار رکھنا اگرچہ آسان نہیں ہے لیکن سرکردہ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کو یقین ہے کہ وہ ایک طویل عرصہ تک پہلے مقام پر برقرار رہیں گی اور اس مقصد کے لئے وہ زیادہ محنت و جانفشانی سے کھیل کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے تیار ہیں۔ سائنا نے پی ٹی آئی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہاکہ ’’نمبر ایک مقام برقرار رکھنا اگرچہ بہت دشوار ہے لیکن لوگوں کو اس بات پر احترام بھی کرنا چاہئے کہ میں وہ پہلی ہندوستانی ہوں جو عالمی نمبر ایک کے مقام پر پہونچی ہوں ‘‘ ۔ سائنا نے مزید کہاکہ ’’اگر کوئی چیز معمول کے مطابق ٹھیک رہتی ہے اور اگر میں بہتر تربیت حاصل کرتی رہوں تو مجھے یقین ہے کہ میں اس مقام پر طویل عرصہ تک فائز رہ سکتی ہوں اگرچہ یہ بہت دشواربھی ہے ۔ اس کے لئے مجھے سخت محنت کرنا ہوگا ۔ ہر دن مجھے یہ ذہن نشین رہنا چاہئے کہ میں عالمی نمبر ایک ہوں میں اپنے ملک اور خود اپنے لئے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کرتی رہوں گی ‘‘۔ اس سوال پر کہ آپ اپنے عالمی نمبر ایک مقام کیلئے کس کو خطرہ محسوس کرتی ہیں ؟ سائنا نے جواب دیا کہ چین کی لی ژوی ری سب سے اہم دعویدار ہیں کیونکہ انھیں شکست دینے کیلئے اس چینی کھلاڑی کے پاس کافی مواقع ہیں۔ علاوہ ازیں ہر حریف کھلاڑی ان کے لئے خطرہ ہے اور وہ مخصوص نام لینا نہیں چاہتیں۔