جکارتہ۔20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار شٹلر پی وی سندھو کی کارکردگی ہندوستانی خاتون بیڈمن ٹیم کی جیت کے لئے ناکافی ثابت ہوئی اور انہیں18 ویں ایشیائی کھیلوں میں بیڈمنٹن ٹیم مقابلے میں جاپان کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں 1۔3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بیسٹ آف فائیو کے اس ٹورنمنٹ میں سندھو ہی ہندوستان کے لئے واحد کامیابی حاصل کرسکیں۔ سندھو نے دنیا کی دوسرے نمبرکی کھلاڑی اکانے یاما گوچی کو راست گیموں میں 21۔18، 21۔19 سے شکست دیکر ہندوستان کو برتری دلائی لیکن خاتون ڈبلز میں این سکی ریڈی اور اشونی بوپنا کی جوڑی کو الگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ سکی اورآرتی سارا کو ایک ٹیم میں اتارا گیا جنہیں یو کی فوکوشیما اور سیاکا ہیروتو نے راستگیموں میں شکست دے کر میڈل کی دوڑ سے باہر کردیا۔سائنا نہوال نے پھر فیصلہ کن میچ میں کافی جد و جہد کی لیکن جاپان کی نوزومی اوکوہارا نے انہیں 21۔11، 23۔25، 21۔16 سے اہم میچ میں شکست دیکر ہندوستان کو اس کے دوسرے پوائنٹ سے محروم کردیا۔ ڈبلز میں بوپنا اور سندھو کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ مساکی ماتسوموتو اور ایاکا تاکا ہاشی کے خلاف شکست کے بعد باہر ہوگئیں۔اس سے قبل مرد بیڈمنٹن ٹیم نے مالدیپ کو 3۔0 سے شکست کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا جہاں ان کا سامنا اب میزبان انڈونیشیا سے ہوگا۔