نئی دہلی ۔29 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک اور دفاعی چمپین سائنا نہوال آسٹریلین اوپن سوپر سیریز سے آج باہر ہوگئی جیسا کہ کوارٹر فائنل مقابلے میں انھیں چینی کھلاڑی وانگ شی ژانگ کیخلاف دو گیمس میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز چینی کھلاڑی نے مقابلے کے آغاز سے اختتام تک اپنا مکمل غلبہ بنائے رکھا اور 21-15 21-13 کی ایک آسان کامیابی درج کرلی ہے ۔ سائنا نہوال بحیثیت نمبر ایک کھلاڑی توقعات پر پورا نہ اُترسکیں اور انھیں چینی کھلاڑی کے خلاف آٹھویں مرتبہ 42 منٹ میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے۔ سائنا نہوال آسٹریلین اوپن میں خطاب کیلئے ہندوستان کی واحد اُمیدیں تھیں لیکن ان کے آج کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد باہر ہونے سے ٹورنمنٹ میں ہندوستان کی تمام اُمیدیں کوارٹر فائنل میں ہی ختم ہوگئی ہیں۔ سائنا نہوال اس ٹورنمنٹ میں اپنے خطاب کے دفاع کے علاوہ بحیثیت نمبر ایک کھلاڑی سیزن کا پہلا خطاب حاصل کرنے کیلئے کوشاں تھیں لیکن اُمیدوں کے مطابق نتائج فراہم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔