حیدرآباد ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن کے قومی کوچ پولیلا گوپی چند نے ہندوستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کی جانب سے علحدگی کے تنازعہ پر لب کشائی سے گریز کیا۔ یاد رہے سائنا نہوال نے قومی کوچ پولیلا گوپی چند سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے ایشین گیمس کی تیاری کیلئے اپنے سابق کوچ ویمل کمار کی سرپرستی اختیار کرلی ہے اور وہ حیدرآباد سے بنگلور روانہ بھی ہوچکی ہیں۔ یہاں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے 10 برس ایک ساتھ کام کیا ہے اور جو کچھ ہوا وہ کوئی اہم مسئلہ نہیں جیسا کہ میں نے آج صبح اخبار میں دیکھا ہے۔ اس مسئلہ کو نظرانداز کردیا جائے۔
گوپی چند کے بموجب وہ اس مسئلہ پر کوئی تبادلہ خیال کرنا نہیں چاہتے کیونکہ ایشین گیمس کے آغاز میں صرف دو ہفتے باقی ہیں اور ہماری تمام تر توجہ ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہروں پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ گوپی چند سے سائنا نہوال کی علحدگی کے ضمن میں جب استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال اس مسئلہ پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ سائنا نہوال گذشتہ دو برسوں سے اپنے فٹنس مسائل کی وجہ سے پریشان ہیں اور اب وہ ایشین گیمس کی تیاری کیلئے بنگلور میں ویمل کمار کی سرپرستی اختیار کرلی ہے۔