سڈنی ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے باآسانی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ تاہم ان کی ہم وطن کھلاڑی پی وی سندھو 7.50 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے اسٹار آسٹریلین سوپر سیریز کے کوارٹر فائنل کو عبور نہ کرسکی۔ سندھو کو اس ٹورنمنٹ میں 8 واں مقام حاصل ہوا تھا تاہم انہیں کوارٹر فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارین کے خلاف 17-21,17-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ سائنا نے جاپان کی ایریکو ہیروس کو صرف 47 منٹوں میں 21-18,21-9 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر 2 چینی کھلاڑی شیزان وانگ سے ہوگا۔ سائنا ا وانگ کے خلاف ریکارڈ 4-3 سے بہتر ہے لیکن حریف کھلاڑی نے گذشتہ دو مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔