نئی دہلی 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال جوکہ اپنے سابق کوچ پلیلا گوپی چند سے علیحدگی کے بعد اب مجوزہ ایشین گیمز کے لئے بنگلور میں کوچ بمل کمار کی سرپرستی میں ٹریننگ حاصل کررہی ہیں تاہم وہ چاہتی ہیں کہ سابق چیف کوچ اِن کے ہمراہ ایشین گیمز کے لئے کوریا چلیں۔ بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ سائنا نہوال کی جانب سے باضابطہ درخواست موصول ہوئی ہے کہ کوچ ومل کمار کو ہندوستانی جتھے کے ساتھ کوریا روانہ ہونے والے کوچیس کی ٹیم میں شامل کیا جائے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ابتداء میں تین کوچیس پلیلا گوپی چند، مدھو میتا بشپ اور وجئے دیپ سنگھ متوقع طور پر کوریا روانہ ہونے والے تھے لیکن اب جبکہ ومل کا نام بھی تجویز کیا گیا ہے لہذا کسی ایک اسپورٹس تجزیہ نگار کو بیرون ملک روانہ ہونے والے عملہ سے خارج کرنا ہوگا۔ یاد رہے ناقص فام اور مظاہروں کی وجہ سے پریشان سائنا نہوال نے حالیہ دنوں میں حیدرآباد میں موجود قومی کوچ پلیلا گوپی چند سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سابق کوچ ومل کمار کی سرپرستی میں ٹریننگ حاصل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بنگلور روانہ ہوچکی ہیں۔
گوپی چند سے علیحدگی کے بعد مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں لیکن سائنا کا موقف ہے کہ وہ اپنے فام کو حاصل کرتے ہوئے فتوحات کی غرض سے ومل کمار سے ٹریننگ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالیہ دنوں میں منعقدہ ورلڈ چمپئن شپ میں سائنا نہوال کو کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی تھی جس کے بعد اُنھوں نے ایشین گیمز میں بہتر مظاہرہ کے لئے ومل کمار کی کوچنگ سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان کے لئے یہ بھی بُری خبر ہے کہ ڈبلز کی ماہر کھلاڑی جوالا گٹہ جنھوں نے 2010 ء اور 2014 ء کامن ویلتھ گیمز میں بالترتیب گولڈ اور سلور میڈل حاصل کیا ہے، وہ بھی سیدھے گھٹنے میں تکلیف کے باعث اِس مرتبہ ایشین گیمز سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے عہدیدار سے اِس ضمن میں متبادل کھلاڑی کے متعلق استفسار کیا گیا تو اُنھوں نے کہاکہ کوئی متبادل کھلاڑی شامل نہیں کی جارہی ہے۔