سیول ۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کی 10 ویں نمبر کی کھلاڑی ہندوستان کی سائنا نہوال نے یہاں کوریا اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ میں آسان کامیابی کے ساتھ خواتین کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ ٹورنمنٹ میں پانچویں سیڈ سائنا نے پہلے راؤنڈ کے میچ میں کوریا کی کم ہیو من کو 21-12، 21-11 سے40 منٹ میں شکست دی۔دنیا میں 39 ویں رینک کی کم کے خلاف اس جیت سے سائنا نے اپنا میچ ریکارڈ ابھی 2-0 کر لیا ہے ۔سائنا نے تین سال پہلے آل انگلینڈ اوپن2015 میں کم کو شکست دی تھی۔ ہندوستانی شٹلر اب دوسرے راونڈ میں کوریا کی کم گا یون کے چیلنج کا سامنا کریں گی۔78 ویں رینک یون کے خلاف ان کا یہ کیریئر میں پہلا میچ ہوگا۔خواتین کے سنگلز کے ایک اور میچ میں ویشنوی ریڈی جکا کو پہلے ہی راؤنڈ میں چھٹی سیڈ ملائیشیا کی بیوین ژانگ کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑا جس سے وہ پار نہیں کر سکیں اور صرف 19 منٹ میں 10-21،9-21 سے اپنا میچ گنوا کر باہر ہو گئیں۔
ہاکی چمیئنز ٹرافی کا 18 اکٹوبر کو آغاز
مسقط ۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشین ہاکی چمپئنز ٹرافی 18 اکتوبر کو مسقط، میں شروع ہوگی جبکہ ہندوستان کی ٹیم خطاب کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ میں 6 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان عمان، پاکستان، ہندوستان، ملائیشیا، جنوبی کوریا اور جاپان شامل ہیں۔ 20 اکتوبر کو روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ٹورنمنٹ کے ابتدائی مرحلے کے میچز 27 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل اور تیسرے مقام کا میچ 28 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔