سائنا اور سندھو کا سیمی فائنلس میں مقابلہ متوقع

نئی دہلی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی ڈبلیو ایف انڈیا سوپر سیریز میں خطاب کیلئے سائنا نہوال اور پی وی سندھو امیدوں کا مرکز ہیں لیکن دونوں کھلاڑیوں کا ٹورنمنٹ کے سیمی فائنلس میں مقابلہ متوقع ہے جیسا کہ خاتون زمرہ کے سنگلس مقابلوں میں دونوں ہی کھلاڑی ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ یکم تا 6 اپریل یہاں سری فورٹ کامپلکس میں کھیلے جانے والے 250,000 امریکی ڈالرس انعامی رقم کے ٹورنمنٹ میں سائنا اور سندھو توجہ کا مرکز ہوں گے اور چینی کھلاڑیوں کے خلاف کامیابی کے بعد ان کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ متوقع ہے۔ عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز سائنا اپنی مہم کا آغاز آسٹریا کی کھلاڑی سیمون کے خلاف کریں گی جبکہ ان کیلئے اصل رکاوٹ قطعی 8 کھلاڑیوں کے مرحلہ میں ہوگی جب ان کا سامنا چینی کھلاڑی لیہان وانگ سے ہوگا۔ سندھوکیلئے ڈرا مزید مشکل ترین ہے کیونکہ انہیں پہلے ہی راونڈ میں آل انگلینڈ چمپیئن ژی ژان وانگ کا سامنا کرنا ہے۔