سائنا اور سندھو ’میرے قیمتی ہیرے‘ : کوچ گوپی چند

نئی دہلی ، 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کے چیف بیڈمنٹن کوچ پی گوپی چند نے آج پی وی سندھو اور سائنا نہوال کو اپنے نہایت کامیاب شاگرد قرار دیا جو ’’قیمتی ہیروں‘‘ کی مانند ہیں۔ گزشتہ ماہ سائنا نے اپنا دوسرا انفرادی کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈل جیتا جس کیلئے انھوں نے عالمی نمبر 3 سندھو کو آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں منعقدہ دم بخود کردینے والے ویمنس سنگلز فائنل میں 21-18، 23-21 سے شکست دی۔ گولڈ کوسٹ میں جیت کے ساتھ سائنا (عالمی رینک 12) نے سندھو کے خلاف اپنا مجموعی باہمی ٹریک ریکارڈ 4-1 تک بڑھا لیا ہے۔ گوپی نے کہا: ’’کوچ کی حیثیت سے میں سائنا نہوال اور پی وی سندھو دونوں کو قیمتی ہیرے مانتا ہوں۔ جیتنا اور ہارنا تو حیدرآباد میں واقع اکیڈیمی میں روزانہ کا معاملہ ہے۔ کسی مقابلے میں جیت یا شکست سے فاتح اور شکست خوردہ کو اپنا معیار بڑھانے اور مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ گوپی چند ایک تہنیتی پروگرام کے دوران مخاطب تھے، جس کا اہتمام فکی لیڈیز آرگنائزیشن (ایف ایل او) نے کیا جو فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرز اینڈ انڈسٹری کی ویمن بزنس ونگ ہے۔ جہاں سائنا اولمپک برونز میڈلسٹ ہے، وہیں سندھو نے ایک درجہ بہتر مظاہرہ پیش کرتے ہوئے 2016ء میں ریو اولمپکس میں سلور میڈل جیتا ہے۔