فوزھو 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک برونز میڈلسٹ سائنا نہوال اور ہندوستان کے نوجوان شٹلر کے سری کانت نے 7 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے چائنا اوپن سوپر سیریز پریمیئر کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ چھٹی مرتبہ اِس ٹورنمنٹ میں شرکت کررہی سائنا نے اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے عالمی نمبر17 چینی کھلاڑی لیو ژن کو راست سیٹوں میں 21-17 ، 21-17 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں صرف 47 منٹوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز سائنا کا فائنل میں مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح کھلاڑی سے ہوگا۔ خاتون زمرہ کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں سائنا نہوال کو اپنا ردھم حاصل کرنے کے لئے ابتدائی لمحات میں جدوجہد کرنی پڑی۔ کیونکہ ایک موقع پر 7-4 کی سبقت گنوادی لیکن آئندہ چند گیمز میں 11-10 کے ذریعہ حریف کی سبقت کو ختم کرنا شروع کیا۔ دریں اثناء عالمی درجہ بندی میں سولہویں مقام پر فائز سری کانت نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جرمنی کے مارک زبلر کے دستبردار ہونے سے قبل اِن کے خلاف 21-11 ، 13-7 کی سبقت بنالی تھی۔ سری کانت کا مارک کے خلاف فتوحات کا ریکارڈ 1-1 تھا اور اِس مقابلہ میں 6-6 کی برابری کے بعد ہندوستانی کھلاڑی نے حریف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل اپنی سبقت بنائے رکھی۔