اونڈیسے ۔20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی سائنا نہوال اور دفاعی چیمپئن کڈامبی شری کانت نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے یہاں ڈنمارک اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ سائنا نے آٹھویں سیڈ جاپان کی نوجومی اوکوہارا کو58 منٹ تک کھیلے گئے چیلنجنگ مقابلے میں 12۔21، 16۔21، 21۔17 سے شکست دی جبکہ ساتویں سیڈ شری کانت نے ہم وطن سمیر ورما کو تین گیموں تک کھیلے گئے مقابلے میں 21۔23، 21۔19، 20۔22 سے شکست دی۔ شری کانت نے یہ میچ ایک گھنٹے 18 منٹ میں جیتا۔ دنیا کی10 ویں نمبر کی کھلاڑی سائنا نے پہلا گیم گنوانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے جیت حاصل کی ۔ سائنا کو اوکوہارا سے پچھلے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس مرتبہ انہوں نے جیت حاصل کرلی۔ اس جیت سے سائنا کا ساتویں مقام کی اوکوہارا کے خلاف 4-7 کا کیریر ریکارڈ ہوگیا ہے ۔ سائنا کا سیمی فائنل میں 19 ویں رینکنگ کی انڈونیشیا کی کھلاڑی گریگوریا ماریسکا تنزوزنگ سے مقابلہ ہوگا۔ اپنے گزشتہ میچ میں دو مرتبہ کے اولمپک چیمپئن چین کے لن ڈین کوحیران کن شکست دینے کے بعد شری کانت کو ہم وطن سمیر کے سخت چیلنج پر22-20 19-21 23-21 سے قابو پانے میںکافی جدوجہد کرنی پڑی۔ سمیر کے پاس بھی کامیابی حاصل کرنے کا موقع تھا لیکن شری کانت نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔ شری کانت کا 23 ویں رینکنگ کے سمیر کے خلاف یہ پہلا کیریر مقابلہ تھا۔ شری کانت کا سیمی فائنل میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اور دوسرے سیڈ جاپان کے کینتو موموتو سے مقابلہ ہوگا۔ فیصلہ کن میچ میں سمیر نے سبقت بنائے رکھی تھی لیکن شری کانت نے واپسی کرتے ہوئے 18۔18 سے برابری کی اور پھر 21۔23 سے گیم اور میچ اپنے نام کرلیا۔