سائنا اور ثانیہ کو لوک سبھا کی جانب سے مبارکباد

نئی دہلی ، 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا نے آج بیڈمنٹن اسٹار سائنا نہوال اور ٹینس کی شہرت یافتہ کھلاڑی ثانیہ مرزا کو متعلقہ کھیل میں نئے ریکارڈز رقم کرانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’ حیرت افزا‘‘ کارنامے قومی افتخار کا معاملہ ہے۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ سائنا ہندوستان سے اولین خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی بن گئیں جس نے ویمنس سنگلز میں عالمی نمبر ایک رینک حاصل کیا ہو جبکہ ثانیہ ہندوستان کی پہلی خاتون ٹینس کھلاڑی بنی ہیں جنھیں ویمنس ڈبلز میں عالمی نمبر ایک درجہ ملا ہے۔ ارکان کی طرف سے میزوں کی تھپتھپاہٹ کے درمیان اسپیکر نے کہا کہ یہ ’’شاندار‘‘ کارنامے قومی فخر کا معاملہ ہے اور اس ملک میں تمام ابھرتے اسپورٹس پرسنس کیلئے تحریک کا باعث رہیں گے۔ اسپیکر سمترا نے مزید کہا: ’’ہم سائنا اور ثانیہ کو اُن کی مستقبل کی کوششوں کیلئے ہماری نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔‘‘