سائنانہوال رواں سیزن میںاپنے مظاہروں سے مطمئن نہیں

نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک بیاڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال جنہوں نے 2013ء کے مایوس کن سیزن کو پس پشت ڈالتے ہوئے 2014ء میں تین انفرادی خطابات اور چند ایک برونز میڈلس حاصل کرنے کے علاوہ ٹیم ایونٹس میں بھی خطابات حاصل کئے ہیں، لیکن میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے سائنا نہوال نے کہا کہ انہیں 2014ء میں مزید خطابات حاصل کرنے چاہئے تھے۔ 24 سالہ سائنا نے جنوری میں انڈین اوپن گرانڈ پری گولڈ ٹورنمنٹ، جون میں آسٹریلین سوپر سیریز، اوبیر کپ اور ایشین گیمس میں برونز میڈلس حاصل کئے ہیں جبکہ چائنا سوپر سیریز حاصل کی ہے لیکن اس کے باوجود وہ مانتی ہیں کہ انہیں رواں برس مزید خطابات حاصل کرنا چاہئے تھا۔ سائنا نے کہا کہ وہ 2015ء میں مزید بہتر مظاہرے کیلئے پرعزم ہیں۔ سائنا نہوال نے ایشین گیمس سے قبل کوچ تبدیل کرتے ہوئے نہ صرف بنگلور منتقل ہوئیں بلکہ ویمل کمار کی کوچنگ کا آغاز کیا۔ سائنا نہوال کے اس فیصلے کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔

کوچ کی تبدیلی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سائنا نہوال نے کہا کہ وہ فی الحال ویمل کمار کی سرپرستی میں ٹریننگ کررہی ہیں اور کوچ جو بھی انہیں ہدایت دے رہے ہیں ، اس پر وہ سخت محنت کررہی ہیںاور انہیں اُمید ہے کہ وہ نہ صرف اپنی تکنیک بہتر کرنے میں کامیاب ہوں گی بلکہ رفتار کو بڑھانے اور جسمانی قوت میں اضافہ میں بھی کامیاب ہوں گی۔ عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز سائنا نہوال 17 تا 21 ڈسمبر دبئی میں منعقد شدنی بی ڈبلیو ایف ورلڈ سوپر سیریز فائنلس میں شرکت کریں گی جوکہ سیزن کا آخری ٹورنمنٹ ہوگا ۔ ایک لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے سیزن کے آخری ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کے ضمن میں سائنا نے کہا کہ ان کی تیاری غیرمعمولی ہے، لیکن اب دیکھنا ہے کہ قسمت ان کا کتنا ساتھ دیتی ہے۔ آئندہ برس کے نشانے کے متعلق سائنا نے کہا کہ وہ آئندہ سیزن اس لئے بہتر نتائج کیلئے پرعزم ہیں کیونکہ رواں برس کے نتائج سے زیادہ بہتر نتائج کیلئے وہ تیاری کرچکی ہیں۔