سائبر کیفے مالکین کو آئی ٹی رہنمایانہ خطوط پر عمل کی ہدایت

ساوتھ زون میں مالکین کے ساتھ پولیس کا اجلاس ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ /4 جنوری (سیاست نیوز)  ساؤتھ زون پولیس نے آج پرانے شہر کے تمام سائبر کیفے مالکین کا شعور بیدار پروگرام منعقد کیا جس کے تحت انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے قوانین اور حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ۔ نیا پل مینار گارڈن فنکشن ہال میں یہ پروگرام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر کے بابو راؤ کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں سائبر کرائم (سی سی ایس) کے انسپکٹر روی کرن بھی شامل تھے  ۔ شعور بیداری پروگرام میں پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے 64 سائبر کیفے مالکین نے اس میں شرکت کی اور انہیں پولیس کی جانب سے سائبر کیفے چلانے کے قوانین سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے  کیفے مالکین کو ایک نوٹس جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ہر سائبر کیفے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازم ہے اور ویڈیو کوالیٹی آئی آر امیج کوالیٹی کی طرز پر ہونی چاہئیے ۔ سنٹرس میں گاہکوں کے آنے اور جانے کے اوقات کے علاوہ ان کے شناختی کارڈ کی تفصیلات کا ریکارڈ رکھنا لازم ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ کم عمر نوجوانوں کا انٹرنیٹ سنٹرس میں تنہا داخلہ منع ہے اور اس کے سرپرستوں کی نگرانی میں وہ انٹرنیٹ کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ تمام سائبر کیفے کو کمشنر پولیس حیدرآباد کے دفتر سے رجسٹر کرانا بھی لازمی ہے ۔ اس موقع پر مسٹر بابو راؤ نے کہا کہ /13 ڈسمبر کو پرانے شہر کے مختلف مقامات پر بیک وقت سائبر کیفے پر کئے گئے دھاؤں کے دوران کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلا تھا جس میں کم عمر نوجوانوں کو فحش تصاویر  اور ویڈیوز دیکھنے کی اجازت شامل ہے ۔ انسپکٹر سائبر کرائم روی کرن نے اپنے خطاب میں سائبر کیفے مالکین کو یہ بتایا کہ اپنے کمپیوٹرس کے پراکسی سیٹنگس کے ذریعہ فحش ویب سائیٹس کو روکا جاسکتا ہے ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔