محکمہ انکم ٹیکس کی طرز پر نوٹس ، عوام کو ای میلس سے چوکنا رہنے کی ضرورت
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) ہندستان میں سائبر دھوکہ بازاب انکم ٹیکس عہدیداروں کی شکل میں دھوکہ دہی کا آغاز کر چکے ہیں اور ہندستانی ای میل ایڈریس پر انکم ٹیکس کی جانب سے نوٹس کی شکل میں ای میل روانہ کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایاجانے لگا ہے۔ اس طرح کے ای میل سے چوکنا رہتے ہوئے ان کے جواب دینے سے گریز کیا جانا چاہئے کیونکہ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے جو ای میل روانہ کئے جاتے ہیں انہیں واپس جواب ارسال کرنے کی سہولت نہیں ہوتی اور محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے روانہ کردہ ای میل میں شخصی و کھاتہ کی تفصیلات طلب نہیں کی جاتی اسی لئے اس طرح کے ای میل موصول ہونے پر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک ماہ کے دوران ایسی کئی شکایات موصول ہو چکی ہیں جن میں انکم ٹیکس دہندگان اور شہریوں کو اس طرح کے ای میل موصول ہو رہے ہیں جو بظاہر ایسے نظر آرہے ہیں جو کہ محکمہ انکم ٹیکس کی ویب سائٹ کے ذریعہ روانہ کئے گئے ہیں لیکن در حقیقت یہ ای میل مختلف ممالک میں بیٹھے سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے ان کی اپنی ویب سائٹ کے ذریعہ محکمہ انکم ٹیکس کی ویب سائٹ کا لنک استعمال کرتے ہوئے روانہ کئے جا رہے ہیں جس کا جواب وہ ہندستانی شہری معصومیت کے سبب روانہ کردیتے ہیں جنہیں اس کا علم نہیں ہوتا ان ای میل کے ذریعہ سائبر دھوکہ باز ٹیکس دہندگان کی تفصیلات طلب کر رہے ہیں اور ان کا مقصد ان تفصیلات کے ذریعہ ٹیکس دہندگان کے کھاتوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جو کہ کھاتہ دار کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان ای میل کی حقیقت اور ان کے فرضی ہونے کی جانچ دشوار نہیں ہے اسی لئے اگر کوئی ای میل موصول ہو تو اس کے متعلق مکمل جانچ کرلیں کہ آیا یہ ای میل محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعہ روانہ کیا گیا ہے یا نہیں اگر نہیں کیا گیا ہے تو ایسے میں اس کا جواب بھی نہیں دیا جانا چاہئے کیونکہ اس طرح کے ای میل کا جواب دینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے نام سے وصول ہونے والے ای میل کی خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ یہ ای میل محکمہ انکم ٹیکس کے سرکاری ای میل سے روانہ کئے جاتے ہیں اور ان کا اسی ای میل پر جواب دینا ممکن نہیں ہوتا بلکہ ان میں یہ تجویز دی جاتی ہے کہ وہ اپنے علاقہ کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کریں لیکن دھوکہ بازوں کی جانب سے روانہ کئے جانے والے ای میل پر جواب ارسال کرنے کا انتباہ دیا جاتا ہے جو کہ محکمہ انکم ٹیکس کی روایتوں کے برخلاف ہے کیونکہ محکمہ انکم ٹیکس بقایاجات کی وصولی کیلئے ای میل روانہ کرنے کے ساتھ عہدیداروں کے نام اور ملاقات کے لئے تاریخ و وقت کی بھی تفصیلات روانہ کرتا ہے اور ای میل کے علاوہ نوٹس کی اجرائی کی تفصیل بھی روانہ کی جاتی ہے۔