حیدرآباد 22 مارچ ( این ایس ایس ) سائبر آباد پولیس و سٹیزن کنکٹ پروگرام بذریعہ واٹس اپ کا 20 فبروری کو آغاز کیا گیا تھا جس پر عوام کا بہترین رد عمل حاصل ہوا ہے ۔ علاوہ ازیں محکمہ میں بھی اس کا رد عمل اچھا رہا ۔ پروگرام کی شروعات کے بعد سے اب تک 341 شکایات پولیس کو وصول ہوئیں۔ اس سلسلہ میں پولیس نے نمبر 9490617444 جاری کیا تھا ۔ عوام سے پولیس کو لا اینڈ آرڈر ‘ صوتی آلودگی ‘ عوامی گڑبڑ ‘ لاپتہ افراد ‘نامعلوم نعشوں کی دستیابی سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں۔ علاوہ ازیں پولیس کو ٹریفک خلاف ورزیوں وغیرہ کی شکایات اور کچھ تجاویز بھی موصول ہوئی تھیں۔ جو شکایات ملی تھیں ان کو متعلقہ پولیس عملہ سے رجوع کردیا گیا اور جو کارروائی ضروری تھی کرکے شکایت کنندہ کو اس سے مطلع بھی کردیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ 9 مارچ کو رات 10.34 بجے ایک خانگی اسکو ل یاچارم سے چار لڑکوں بھرت ‘ سریدھر ‘ شراون اور پراوین کی گمشدگی کی اطلاع ملی تھی ۔ سب کی عمریں 12 سال کے لگ بھگ بتائی گئیں۔ ان لڑکوں کی تصاویر متعلقہ حکام کو روانہ کردی گئیں اور میر پیٹ پولیس نے صبح کی اولین ساعتوں میں ان چاروں لڑکوں کا پتہ چلا لیا تھا ۔ اسی طرح ایک اور پیام 10 مارچ کو سہ پہر 3 بجے ڈنڈیگل پولیس اسٹیشن سے سرارم کالونی میں چین چھیننے کے واقعہ کے تعلق سے موصول ہوا تھا ۔ مشتبہ افراد کی تصاویر متاثرہ خاتون کو بتائی گئیں ۔ خاتون نے ایک مشتبہ فرد کی شناخت کرلی تھی اور سائبر آباد پولیس نے اسے فوری گرفتار کرلیا ۔ کہا گیا ہے کہ پولیس کی باضابطہ ٹمیں تشکیل دی گئی ہیں اور واٹس اپ کے ذریعہ لا اینڈ آرڈر کی برقراری ‘ جرائم پر قابو پانے ‘ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے وغیرہ جیسے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شی ٹیمس کیلئے بھی واٹس اپ گروپ بنایا گیا ہے ۔