حیدرآباد ۔ /27 مئی (سیاست نیوز) سائبر آباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک کمسن ہلاک ہوگیا ۔ ڈنڈیگل پولیس کے مطابق 8 سالہ سائی جو طالب علم تھا ۔ ڈنڈیگل علاقے کے ساکن راگھو ناتھ کا بیٹا تھا ۔ یہ لڑکا اپنے چچا کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور وہ شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق ان کی موٹر سیکل ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آگئی ۔ ناچارم پولیس کے مطابق 70 سالہ خاتون لکشما اماں جو کل اپنے مکان کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش میں تھی کہ ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر برسرموقع ہلاک ہوگئی ۔ ملکاجگیری پولیس کے مطابق 51 سالہ راجندر جو خانگی ملازم تھا کرشنا نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ کل اپنی موٹر سیکل کے ذریعہ پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ جو رات دیر گئے علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔