سائبر آباد حدود میں سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ سے شہریوں میں خوف

ونستھلی پورم میں سلسلہ وار سرقہ کی وارداتیں پولیس کے یہاں معمولی ‘ مکینوں سے پوچھ تاچھ جاری
حیدرآباد 20 فبروری (سیاست نیوز) سائبر آباد حدود میں سرقہ کی وارادتوں کا سلسلہ جاری ہے آئے دن کسی نہ کسی پولیس اسٹیشن حدود میں سرقہ کی وارداتوں سے شہریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے اور شہری کسی تقریب و ضروری مصروفیت کو ترک کرتے ہوئے اپنے مکانات میں رہنا ہی عافیت تصور کررہے ہیں تاہم سارقوں کے بڑھتے حوصلے پولیس کی کارکردگی و چوکسی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔ ایک ایسا ہی واقعہ ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آیا جہاں رات دیر گئے ایک گیٹیڈ کمیونٹی کے 5 تا 6 مکانات میں سرقہ کی واردات پیش آئیں تھیں ۔ سہارا اسٹیٹ گیٹیڈ کمیونٹی کے ان مکانات میں نقب زنی کرتے ہوئے سرقہ انجام دیا گیا تاہم پولیس اس واقعہ کو معمولی تصویر کرتی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ صرف 5 ہزار روپئے کا سرقہ ہوا ہے ۔ایک گیٹیڈ کمیونٹی کے مکانات میں پیش آئی سنگین واردات کو معمولی تصور کرنا تشویش کا باعث بنا ہوا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ونستھلی پورم کے سہارا اسٹیٹ سے متصل گیٹیڈ کمیونٹی کے 6 مکانات میں سرقہ انجام دیا گیا تاہم ان مکانات میں بیشتر خالی تھے اور جن مکانات میں سرقہ ہوا ان مکانات کے مالکین نجی مصروف کے سبب مکانات کو قفل ڈال کر باہر گئے ہوئے تھے اسی علاقہ میں سارقوں کی حرکت خوف و ہراسانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ اس خصوص میں ڈیٹکٹیو انسپکٹر مسٹر وجئے کمار نے بتایا کہ ایک مکان کے نقصان کی اطلاع دستیاب ہوئی ہے اور مزید جن مکانات میں سرقہ کی واردات انجام دی گئی اور کئی مکانات میں جہاں کوشش کی گئی ان کی اطلاعات مالکین سے پوچھ تاچھ یا پھر ان کی اطلاع کے بعد ہی ہوگی ۔ انہو ںنے بتایا کہ پولیس نے سارقین کی تلاش اور ان کی گرفتاری کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔