20مقدمات کے تحت گرفتار، ماؤسٹوں سے بھی تعلقات تھے
حیدرآباد۔ 26 نومبر(سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ایک خطرناک مجرم کی بازآبادکاری کرتے ہوئے اسے کاروبار سے جوڑ دیا۔ ماؤسٹوں سے مبینہ تعلقات اور ان کے ہمدردوں میں شمار کیا جانے والا پرساد ریڈی عرف پرساد جس کی عمر تقریباً 45 سال بتائی گئی ہے، پولیس نے اس شخص کو چائے کا اسٹال لگاکر دیا۔ تقریباً 20 مقدمات کے تحت یہ خطرناک مجرم گرفتار کرلیا گیا تھا۔ قتل، جبراً وصولی، غنڈہ گردی ،ماؤسٹوں کے نام پر بلیک میل، اراضیات کے معاملات کی یکسوئی جیسی کئی ایک وارداتوں میں وہ ملوث تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس کرائم سائبرآباد مسٹر ڈاکٹر نوین کمار نے شخصی دلچسپی کے تحت اس خطرناک مجرم کو روزگار کا موقع فراہم کیا۔ آج اس ٹی اسٹال کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون مسٹر تفسیر اقبال اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی سی پی کرائم ڈاکٹر نوین کمار نے بتایا کہ پرساد ریڈی نے اگست 2015ء میں جیل سے رہائی کے بعد کمشنر پولیس سائبرآباد سے ملاقات کی تھی اور بازآبادکاری کی خواہش ظاہر کی تھی۔ کمشنر پولیس کی توجہ دہانی پر سی سی ایس پولیس نے دلچسپی لیتے ہوئے 70 ہزار روپئے کے اخراجات سے پرساد ریڈی کو ٹی اسٹال فراہم کیاگیا۔ سی سی ایس پولیس نے اسٹیشن کے لئے مختص اخراجات سے بچاکر اس ٹی اسٹال کے قیام میں مدد کی۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔