سائبرآباد پولیس کے پاسپورٹ ویریفکیشن طریقہ کار کی مقبولیت

حیدرآباد /31 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کی جانب سے شروع کردہ پاسپورٹ ویریفکیشن نظام پر جہاں ایک طرف ملک بھر میں عمل آوری کی تیاریاں جاری ہیں وہیں ڈی جی پی ریاست تلنگانہ نے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اس پراجکٹ کو وسعت دینے اور اس پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس خصوص میں 5 روزہ تربیت پروگرام برائے پاسپورٹ ویریفکیشن کا آغاز سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے کیا۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد نے تربیت میں شریک عملہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے خدمات میں مزید تیزی پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل اور تلنگانہ ریاست کے وجود میں آنے کے بعد جو پاسپورٹ ویریفکیشن کے نظام کو رائج کیا گیا یہ پروگرام ملک بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے اور ایک مثالی پراجکٹ بن گیا ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں اور مرکزی حکومت کے نمائندوں نے اس نظام کی جانچ کے بعد قومی سطح پر اس پراجکٹ کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس جانب تیاریاں بھی جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسے وقت تلنگانہ پولیس کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنی عوام دوست پالیسیوں پر مزید سنجیدگی سے عمل کریں اور قومی سطح پر اپنی ریاستی پولیس کے نام کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سائبرآباد میں سیامسنگ کے ٹیاپ فراہم کئے گئے جبکہ دیگر اضلاع میں آئی پیاڈ تاہم انہوں نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے تربیت کیلئے آئے پولیس عملہ مشورہ دیا کہ اپنے ٹیاپ میں واٹس آپ کی سہولت فراہم کرلیں ۔ چونکہ اس سے اطلاعات اور معلومات کی فراہمی میں آسانی ہوگی اور جرائم کی روک تھام کیلئے مجرمین کی بروقت گرفتاری میں یہ نظام کافی مددگار ثابت ہوگا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے واٹس اپ سہولیات سے سائبرآباد پولیس کی خدمات کا تذکرہ کیا ۔ اس موقع پر دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔