حیدرآباد /5 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں تین خواتین نے خودکشی کرلی ۔ ساس کے الزامات سے ایک قرض کی عدم ادائیگی سے اور خرابی صحت سے تنگ آکر ایک ، تین خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ علحدہ واقعات معین آباد میڑپلی اور جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں پیش آئے ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 24 سالہ لکشمی جو معین آباد علاقہ کے ساکن گوپال کی بیوی تھی اس خاتون نے 2 مارچ کے دن اپنے جسم پر کیروسن ڈالکر آگ لگالی ۔ جس کی کل رات علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ لکشمی کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی ۔ اس خاتون پر ساس نے طلائی چین کے سرقہ کا الزام لگایا تھا اور چوری کے نام پر اذیت پہونچا رہی تھی ۔ جس سے تنگ آکر لکشمی نے انتہائی اقدام کیا ۔میڑپلی پولیس کے مطابق 25 سالہ بی ارونا جو میڑپلی علاقہ کے ساکن سباراؤ کی بیوی تھی ۔ میاں بیوی نے اپنے ذاتی مکان پر قرض حاصل کیا تھا اور اس قرض کی ادائیگی کیلئے وہ پریشان تھے اور قرض ادا کرنے میں انہیں دشواریاں پیش آرہی تھیں جس سے تنگ آکر اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 25 سالہ نسیمہ بیگم جو جگت گیری گٹہ علاقہ کے ساکن معین کی بیٹی تھی ۔ اس لڑکی نے خرابی صحت سے تنگ آکر نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔