سائبرآباد میں عریاں رقص کی تقریب ، 6 لڑکیوں سمیت 15 گرفتار

فارم ہاوز پر پولیس کا دھاوا ، پولیس سے بچنے رقاصاؤں کو رشتہ دار بتایا گیا
حیدرآباد /29 فروری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے حدود میں پولیس نے ایک فارم ہاوز پر دھاوا کرتے ہوئے ایک تقریب کو ناکام بنادیا ۔ پولیس کارروائی سے بچنے کیلئے آرگنائزر نے ڈانسرس کو اپنے رشتہ دار قرار دیا تھا ۔ تاہم اس کی کوششیں بھی ناکام رہی اور پولیس نے 6 ڈانسرس سمیت 15 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سائبرآباد کو اسپیشل آپریشن ٹیم ( ایس او ٹی ) نے نارسنگی حدود میں واقعہ جناگڈہ علاقہ میں ایک فارم ہاوز میں دھاوا کیا ۔ جہاں پر ایک تقریب منعقد کی گئی تھی اور اس موقع پر خاتون ڈانسروں کے ذریعہ نیم عریاں رقص جاری تھا کہ اچانک ایس او ٹی نے خفیہ اطلاع ملنے پر فارم ہاوز پر دھاوا کیا اور ڈانسروں کو حراست میں لے لیا ۔ اس دوران تقریب منعقدکرنے والے ذمہ دار شخص نے ان نیم عریاں رقص کرنے والی ڈانسروں کو اپنے رشتہ دار بتایا تاہم پولیس نے ابتدائی کارروائی میں 6 لڑکیوں سمیت 15 افراد کو گرفتار کرلیا ۔لڑکیوں کا تعلق ممبئی اور دہلی جیسے بڑے شہروں سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈانسرس کے تعلق سے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ آیا وہ صرف ڈانسرس ہیں یا پھر جسم فروشی لڑکیاں ہیں ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔