حیدرآباد /12 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک کمسن طالب علم ہلاک ہوگیا ۔ ناچارم پولیس کے مطابق 13 سالہ سلمان جو بابا نگر ناچارم کے ساکن محمد عثمان کا بیٹا تھا ۔ علاقہ کے سرکاری اسکول میں چوتھی جماعت کا طالب علم تھا ۔ آج صبح وہ اپنی سائیکل پر اسکول جارہا تھا کہ جنا پریہ بس اسٹاپ کے قریب آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ سباوت کشن جو ندی مسلم گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ ضلع محبوب نگر کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ وہ کل حیدرگوڑہ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ وینکنا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ حیات نگر کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ کل رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ آٹو کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ بالانگر پولیس کے مطابق 48 سالہ پورنا چندر راؤ جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ چنتل بالانگر میں رہتا تھا ۔ وہ آج موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ بالانگر پولیس حدود میں پیش آئے ایک اور حادثہ میں 30 سالہ کے نوین کمار فوت ہوگیا ۔ جو گذشتہ ہفتہ لاری کی مرمت کے دوران نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ نوین کمار سکندرآباد علاقہ کا ساکن تھا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔