حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ میں ایک خاتون ہوم گارڈ کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ نامعلوم افراد نے خاتون ہوم گارڈ کی نعش کو سنسان اراضی پر پھینک کر فرار اختیار کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ نونیتا جو رسول پورہ علاقہ کے ساکن جے رام کی بیوی تھی ۔ کنٹرول روم میں بحیثیت ہوم گارڈ خدمات انجام دے رہی تھی ۔ کل ڈیوٹی سے مکان واپس ہونے کے بعد نونیتا نے اپنے افراد خاندان سے کہا تھا کہ وہ لنگم پلی کے علاقہ جارہی ہے اور اس علاقہ میں رہنے والے سے اسے رقم حاصل کرنا تھا ۔ یہ بتاکر خاتون ہوم گارڈ گھر سے گئی اور واپس نہیں لوٹی جس کی نعش کو میڑچل پولیس نے سروے نمبر 487 اور 488 سے برآمد کرلیا ۔ اس خاتون ہوم گارڈ کے سر پر وزنی پتھر ڈالکر اس کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ پولیس اس ضمن چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کررہی ہیں۔