سائبرآباد حدود میں سڑک حادثات ، چار افراد ہلاک

حیدرآباد /8 جون ( سیاست نیوز ) سائبرآباد حدود اور کندکور علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 25 سالہ شیکھر راور 41 سالہ ملیش ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ جو کل رات پیش آیا یہ حادثہ موٹر سائیکل اور کار کے درمیان تصادم کے سبب پیش آیا ۔ موٹر سائیکل سوار شیکھر برسر موقع اور کار میں سوار ملیش جو ڈرائیونگ کر رہا تھا رات دیر گئے علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ شیکھر مادھاپور ہٹس اور ملیش عزت نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ اسی حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار شیکھر کا ساتھی شدید زخمی بتایا گیا ہے راجندر نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ سید رضا جو فرسٹ لانسرکا ساکن بتایا گیا ہے کل رات اپنے ساتھیوں کے ہمراہ راجندر نگر علاقہ سے واپس ہو رہا تھا کہ پلر نمبر 128 کے قریب اچانک آٹو الٹ گیا اور رضا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کو علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ کندکور پولیس کے مطابق 42 سالہ سدھاکر جو اشوک نگر علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے بلدیہ کا کنٹراکٹ ملازم بتایا گیا ہے ۔ وہ کل اپنی موٹر سائیکل پر مامڑپلی کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور سدھاکر شدید زخمی حالت میں رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔