سائبرآباد حدود میں ساس اور بہو کا قتل

حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ روشن کالونی میں ساس اور بہو کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم افراد نے محمد معین خان کے مکان میں داخل ہوکر ان کی بیوی طیبہ بیگم 21 سالہ اور صبیحہ بیگم 55 سالہ کا قتل کردیا ۔ معین کی شادی 2 ماہ قبل ہوئی تھی تاہم قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ پولیس مائیلاردیوپلی ہر زاویہ سے اس سنسنی خیز دوہرے قتل کی تحقیقات میں جٹ گئی ہے ۔ اطلاع کے ساتھ ہی آج رمضان کی پہلی صبح روشن کالونی اور قریبی علاقوں میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس نے کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ مقام واردات کا معائنہ کیا اور شواہد اکھٹا کرلئے لیکن پولیس تاحال اس دوہرے قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چلاسکی ۔ معین خان کے مکان میں الماری سے نقد رقم اور طلائی زیورات بھی غائب ہیں ۔ معین خان ترپ بازار میں ایک سانیٹری دوکان میں سیلز منیجر کی حیثیت سے کام کرتا تھا ۔ اس سلسلے میں انسپکٹر مائیلاردیوپلی پولیس مسٹر ستیا نے بتایا کہ کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پرانی دشمنی یا پھر معین خان کی شادی اس سنسنی خیز قتل کی وجہ ہوسکتی ہے ۔ پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات جاری ہے ۔