سائبرآبادپولیس کی سخت چوکسی و ناکہ بندی بیکار

اپارٹمنٹ میں سرقہ ، سارقوں کی لوٹ مار پولیس کیلئے دردِ سَر

حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کی سخت چوکسی، ناکہ بندی اور مختلف علاقوں میں رات میں دھاوے اور جرائم پر قابو پانے کیلئے دیگر اقدامات ناکافی ثابت ہورہے ہیں جبکہ دن بہ دن رہزنوں، سارقوں اور ڈاکوؤں کی بڑھتی سرگرمیاں پولیس کیلئے چیلنج کا سبب بن چکی ہے۔ کل رات ایسا ہی ایک واقعہ ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جہاں ایک اپارٹمنٹ کے مکان میں سرقہ کی واردات انجام دی گئی۔ نامعلوم سارقوں نے اس مکان سے تقریباً 55 تولہ طلائی زیورات اور 10 ہزار روپئے نقد رقم کو لوٹ لئے گئے اور دوسرے مکان سے بھی نقد رقم کے علاوہ طلائی زیورات لوٹ لئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ونستھلی پورم کے حدود میں سائی نگر علاقہ میں واقع کلپنا انکلیو اپارٹمنٹ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ شکایت کے بعد پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے اور سارقوں کی تلاش میں مصروف ہے۔ یاد رہے کہ راجندر نگر کے قسمت پورہ علاقہ میں گزشتہ ہفتہ سرقہ بالجبر کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس کے علاوہ سائبرآباد کے علاقہ کوکٹ پلی میں ایک بینک سے بندوق کی نوک پر رقم لوٹ لی گئی اور ونستھلی پورم میں رہزنی کا واقعہ پیش آیا۔ اس طرح سائبرآباد کے کئی علاقوں میں ایسی وارداتیں پیش آرہی ہیں جوکہ پولیس کیلئے دردِ سر بن چکی ہیں۔