70 فرضی ڈاکٹرس گرفتار۔ عوام کو دھوکہ دینے والوں کو ڈی سی پی ستیہ نارائنا کا سخت انتباہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر میں عادی سارقین ، مجرمین رہزنوں کے علاوہ سماج سدھار مہم کے بعد اب پولیس نے سماج بچاؤ مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ عوامی صحت کے ساتھ کھلواڑ اور شہریوں کی جان کیلئے خطرہ ثابت ہورہے نقلی ڈاکٹرس کے خلاف پولیس نے اپنی کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ ساوتھ زون ڈی سی پی مسٹر ستیہ نارائنا کی قیادت میں آج رات پولیس نے پرانے شہر کے مختلف مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے تقریبا 70 نقلی ڈاکٹرس کو حراست میں لے لیا ۔ یاد رہے کہ حسینی علم میں ایک خاتون کے معذور ہونے اور حالیہ دنوں علی نگر کے ایک شخص کی ڈاکٹر کے ہاتھوں موت کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ آج رات پولیس نے اچانک کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مختلف مقامات پر دھاوے کئے اور سب سے زیادہ نقلی ڈاکٹرس کو بھوانی نگر علاقہ سے گرفتار کرلیا ۔ اس کے علاوہ پولیس نے فلک نما ، فاطمہ نگر ، انصاری روڈ ، نائس ہوٹل ، حافظ بابا نگر ، جہانگیر آباد ، غوث نگر کے علاوہ دیگر علاقوں میں کارروائی انجام دی ۔ اس خصوص میں ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے سیاست نیوز کو بتایا کہ علی نگر علاقہ سے قبل حسینی علم میں ایک واقعہ میں خاتون معذور ہوگئی تھی ۔ پولیس نے تب سے ان نقلی ڈاکٹروں کی حرکتوں پر نظر رکھنا شروع کردیا تھا تاہم علی نگر کے واقعہ کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں پولیس کی نقلی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کو خطرناک کیا جارہا ہے بلکہ اسے بدنام کیا جاتا ہے لیکن ہر کوئی پرانے شہر کو دھوکہ دے رہا ہے ۔ تاہم ساوتھ زون پولیس پرانے شہر کی عوام کو دھوکہ دینے والوں کا تعاقب کرے گی اور انہیں کیفرکردار تک پہونچائے گی ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے تمام نقلی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل منتقل کیا جائیگا اور ان کے یہاں موجودہ سرٹیفیکٹس کی جانچ کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ایم پی اور پی ایم پی پر پابندی عائد ہے اور یہ لوگ کسی قسم کی پریکٹس نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے باور کیا کہ یونانی میڈیسن بیچلرس سوائے یونانی کے ایلوپیتھی میڈیسن کا مشورہ نہیں دے سکتے ۔ تاہم پرانے شہر میں ایسا جاری ہے ایسے واقعات کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نقلی ڈاکٹرس ، اکسپائری ادویات فراہم کررہے ہیں اور انسانی جانوں کیلئے خطرناک ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے عوام کو سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا اور نقلی ڈاکٹرس اور ادویات فروخت کرنے والوں کو سخت گیر کارروائی کا انتباہ دیا ۔