زی سلام کو ملک بھر میں مقبولیت حاصل

مسلمانوں کے لیے بہترین دینی معلوماتی اور دیگر اصلاحی پروگرام
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : ہندوستان کے مسلم معاشرے میں زی سلام نے جو غیر معمولی اعتماد حاصل کیا ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ کم وقت میں زی سلام نے ملک بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے ۔ اس ترقی یافتہ دور میں زی سلام توحید و نبوت کے پیغامات کی نشر و اشاعت کا فریضہ گذشتہ چار برسوں سے انجام دے رہا ہے اور پانچویں دور میں پیش قدمی کررہا ہے ۔ مذہبیات کے ساتھ ساتھ عقائد اور واقعات کے آئینہ میں آداب زندگی اور تہذیب اسلامی کو اس چینل کے ذریعہ فروغ دیا جارہا ہے ۔ آج دنیا چاند پر زندگیاں تلاش کررہی ہے ۔ منگل پہ کمندیں ڈال رہی ہے۔ ہر شخص ہر فرد ، ہر ادارہ اور تنظیم کا کوئی نہ کوئی مقصد ہے ایسے دور میں زی سلام کا سب سے بڑا مقصد ہے تعلیم اور ترقی ۔ ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے زی سلام مشعل راہ ہے ۔ عورتوں بچوں ، نوجوانوں اور بزرگوں کی رہنمائی کے لیے زی سلام پر بہترین پروگرام نشر کئے جاتے ہیں ۔ تعلیم ، ترقی تحفظ اور تہذیب پر مبنی زی سلام کے پروگرام کی ملک بھر میں خوب پذیرائی ہورہی ہے ۔ بچوں کے لیے سچی کہانیاں قرآن شریف کے حوالے سے ’ستارے زمین پر ‘ پیش کی جارہی ہے ۔ ’ جہان نسواں ‘ میں خواتین کے مسائل حل کیے جاتے ہیں ۔ تو ’ معاشیاتی ہنر ‘ میں خواتین کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ نوجوانوں اور بزرگوں کی رہنمائی کے لیے درس قرآن ، درس حدیث ، تعلیمات اسلام ، راہ نجات احکام شریعت جیسے دینی پروگرام زی سلام پر پیش کئے جاتے ہیں ۔ شعر و ادب کے قدر دانوں کے لیے سلام محفل اور قوالی کی بزم روز آراستہ کی جاتی ہے ۔ مسلمانوں کے عام مسائل کے مد نظر بحث و مباحثہ میں نتیجہ خیز گفتگو مسلم دانشوران کے درمیان ہوتی ہے ۔ چٹھی نامہ میں مع اہل و عیال لوگ اپنے تجربات بیان کر کے خوب لطف اٹھاتے ہیں ۔ اسکے علاوہ اور بھی دلچسپ پروگرام زی سلام پر نشر کئے جاتے ہیں جو خوب مقبولیت حاصل کررہے ہیں ۔ سدا بہار نغمے ایک ایسا پروگرام ہے جس کی زبردست مقبولیت اور شہرت ہے ۔ ناظرین کو آدھے گھنٹے کے اس پروگرام میں نغموں کی تعداد کم لگتی تھی ۔ لہذا ان کی خواہشات کی قدر کرتے ہوئے اب 15 ستمبر سے روزانہ سدا بہار نغمے آدھے گھنٹے کے بجائے ایک گھنٹے کا نشر کیا جائے گا ۔ زی سلام نصیحت آموز کہانیوں پر مبنی سبق کے عنوان سے ایک پروگرام 15 ستمبر سے نشر کرے گا ۔۔