گمبھی راؤ پیٹ 2 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد رکن گمبھی راؤ پیٹ ملوگاری پدما نرسا گوڑ پر پارٹی قائدین و کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی قائدین و کارکن صدر ٹاؤن ٹی آر ایس گمبھی راؤ پیٹ بٹو شنکر، ایم پی ٹی سی رکن حلقہ نمبر I ساوتری یلم، سابق ایم پی ٹی سی رکن حلقہ نمبر II چٹم پلی راجو، سابق سرپنچ میجر گرام پنچایت گمبھی راؤ پیٹ راوینی شیوپا، ٹی آر ایس اقلیتی قائدین سید ولایت، محمد تمہید علی کے علاوہ پارتی ون ریڈی، پاپا گاری سرینواس، ڈاکٹر بالراج، وینکٹ سوامی وغیرہ شامل ہیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زیڈ پی ٹی رکن ملوگاری پدما نرسا گوڑ پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ پدما نرسا گوڑ من مانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکثر اوقات پارٹی قائدین و کارکنوں کو نظرانداز کررہے ہیں جبکہ ٹی آر ایس پارٹی قائدین و کارکنوں نے حالیہ دنوں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے پدما نرسا گوڑ کو پارٹی سے زیڈ پی ٹی سی رکن گمبھی راؤ پیٹ کی حیثیت سے نہ صرف ٹکٹ دلایا بلکہ انھیں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے کافی جدوجہد کی۔ قائدین نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے محلہ جات میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لئے مختلف اقسام کے بجٹ منظور کئے جارہے ہیں اور اس کی انجام دہی کے لئے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جارہا ہے لیکن زیڈ پی ٹی سی اس قسم کی کوئی بھی اطلاع پارٹی قائدین کو نہیں دے رہے ہیں۔ پارٹی قائدین نے کہاکہ اس سلسلہ میں زیڈ پی ٹی سی کی من مانی کی شکایت ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، پنچایت راج سے کی جائے گی تاکہ پارٹی قائدین و کارکنوں کے ساتھ انصاف ہوسکے۔