میڈرڈ۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام )اسپینش کلب رئیل میڈرڈ کے کوچ اور سابق عظیم فٹبالر زین الدین زیڈان نے اپنی ٹیم کو لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جتوانے کے ایک ہفتے بعد کوچنگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔45سالہ زیڈان ڈھائی سیزن تک ٹیم کے کوچ رہے اور انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ میرے ٹیم کے لیے تبدیلی کا موزوں ترین وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ جیت کا تسلسل جاری رکھنے کے لیے اس کلب کو تبدیلی درکار ہے اور میرے ساتھ ان کے لیے مزید جیتنا مشکل ہو گا۔زیڈان نے میڈرڈ کے کوچ کی حیثیت سے 9 خطابات جیتے جن میں 3 مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنا بھی شامل ہے جبکہ میڈرڈ نے اس کے ساتھ ایک مرتبہ اسپینش لیگ، ایک اسپینش سوپر کپ، دو یوئیفا سوپر کپ اور دو کلب ورلڈ کپ جیتے ہیں۔رئیل میڈرڈ نے فرانس کے سابق عظیم فٹبالر کی خدمات جنوری 2016 میں حاصل کی تھیں جو ان کی ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ملازمت تھی اور کوچنگ کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ان کی قابلیت پر شکوک کا اظہار کیا جا رہا تھا لیکن انہوں نے تمام ناقدین کو غلط ثابت کرتے ہوئے ہسپانوی کلب کو شاندار فتوحات سے ہمکنار کروایا۔میڈرڈ کی بی ٹیم کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد انہیں رافا بینی ٹیز کی جگہ ذمے داریاں سونپی گئیں اور جب 2014 میں رئیل میڈرڈ نے چیمپیئنز لیگ جیتی تو وہ ٹیم کے منیجر کارلو اینسیلوٹی کے نائب تھے۔کھلاڑی کی حیثیت سے زیڈان نے یوونٹس کے لئے دو چیمپیئنز لیگ فائنل کھیلے لیکن دونوں ہی مرتبہ انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا لیکن 2002 میں انہوں نے میڈرڈ ٹیم کا حصہ ہوتے ہوئے چیمپئینز لیگ کا خطاب جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جس میں ان کی مشہور والی گول بھی شامل ہے۔