زیڈان بہترین کوچ کی فہرست میں شامل

کیف۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) زین الدین زیڈان نے کوچنگ میں بھی اپنی مہارت کے جھنڈے گاڑ دیے جیسا کہ انہوں نے عظیم کھلاڑی کے بعد فٹبال کے عظیم کوچز میں بھی اپنا نام درج کرادیا۔زین الدین زیڈان کو دنیائے فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے اور اب یہی اعزاز انھوں نے کوچنگ میں بھی حاصل کرلیا ہے کیونکہ ان کی ٹیم رئیل میڈرڈ نے لیور پول کے خلاف 3-1 سے فائنل میں کامیابی کے بعد مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئنز لیگ خطاب اپنے قبضے میں کیا ہے۔کسی ایک ٹیم کو یورپی شوپیس ایونٹ کے مسلسل تین سیزن میں فتحیاب کروانے والے زیڈان پہلے کوچ بن گئے ہیں، ابھی انھیں رئیل میڈرڈ کی جونیئر ٹیم سے سینئر میں ترقی پائے 4 برس بھی پورے نہیں ہوئے لیکن اہم ترین کارنامے انھوں نے انجام دے ڈالے ہیں۔ان کے ساتھ 1998 میں ورلڈ کپ خطاب جیتے والے فرانس کے موجودہ منیجر ڈیڈائر ڈیس چیمپس نے کہا ہے کہ زیڈان پہلے غیرمعمولی کھلاڑی تھے اور اب غیرمعمولی کوچ بھی بن چکے ہیں، چیمپئنز لیگ میں تین خطابات واقعی حیران کن کارنامہ ہے۔واضح رہے کہ زیڈان کے خود بھی ایک دن فرانس کے کوچ بننے کا امکان موجود ہے لیکن وہ ابھی تیزی دکھانے کے موڈ میں نہیں ہیں اور نہ ہی کامیابیوں کا سہرا خود لیتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا یہ اعزاز حاصل کرنا آسان نہیں تھا، میں ان کی محنت کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔یاد رہے کہ یہ رئیل میڈرڈ کا پانچ برس میں چوتھا جبکہ ان کی تاریخ کا 13 واں چیمپئنز لیگ خطاب ہے، خود اسی کلب کے ساتھ بطور کھلاڑی زیڈان 2002 میں بھی چیمپئنز لیگ جیت چکے ہیں، اس وقت گلاسگو میں بائیر لیورکوسین کیخلاف کامیابی میں انھوں نے اہم کردار ادا کیا تھا، اس مقابلے میں گاریتھ بال نے بالکل ان کے انداز میں ایک اوور ہیڈ کک لگائی، اس بارے میں زیڈان نے ایک بار پھر اپنی ذات کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ گاریتھ مجھ سے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوا۔