زیورات کے شوروم سے 30 کیلو سونے کے زیورات کا سرقہ

حیدرآباد 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) پنجہ گٹہ میں زیورات کے ایک شوروم سے آج تقریبا 30 کیلو وزنی سونے کے زیورات کا سرقہ کرلیا گیا ۔ تنشق شوروم کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں نامعلوم افراد کو گذشتہ شب عقبی حصے سے شوروم میں داخل ہوتے ہوئے اور زیورات کے ساتھ فرار ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔

سٹی پولیس کمشنر انوراگ شرما نے بتایا کہ سی سی ایس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اس فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام پہلووں سے اس واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ حالانکہ ویڈیو فوٹیج میں صرف ایک شخص واضح دکائی دے رہا ہے لیکن اس میں دوسروں کے ملوث رہنے کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ عہدیدار نے کہا کہ ابھی زیورات کا مالیت کا تخمینہ نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو اس سلسلہ میں کچھ اہم سراغ دستیاب ہوئے ہیں جن کا ابھی انکشاف نہیں کیا جاسکتا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔