نارائن پیٹ۔28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زیورات پر ایک فیصدی اکسائز ڈیوٹی کے مرکزی حکومت کی جانب سے مسلط کئے جانے کے خلاف ملک گیر سطح پر ہڑتال اور بند 26 ویں دن میں داخل ہوگیا۔ نارائن پیٹ کے سونے چاندی کے بیوپاریوں نے بھی اس احتجاج میں شریک ہیں اور اپنے اپنے کاروبار رکھ کر صرافہ بازار میں ایک ہڑتالی کیمپ مستقلا قائم کیا گیا ہے۔ جہاں غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے علاوہ روزانہ نت نئے اور انوکھے انداز سے احتجاج کررہے ہیں۔ کل احتجاجی اپنے آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا تھا اور آج بھوک ہڑتالی کیمپ میں ایک پیر کھڑے ہوکر انوکھا احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں عہدیداروں بلین مرچنٹ اسوسی ایشن نارائن پیٹ مسرز محمد شفیع چاند، محمد نذیر، امباداس، نریندر، برہماچاری، ایشور، ستیش کمار، بالراج، محمد یونس، شام سندر چاری، پروین کمار، ہریش لاہوتی اور پون کمار نے حصہ لیا۔ ان قائدین نے اس موقع پر انتباہ دیا کہ اگر مرکزی حکومت ان کے مطالبات کی یکسوئی نہیں کرے گی تو احتجاج میں شدت پیدا کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کی ہٹ دھرمی پر افسوس کا اظہار کرتئے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا۔ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جس تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے۔