زیورات کی پالش کے بہانے ٹھگنے والا دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد 6 فبروری (سیاست نیوز) طلائی زیورات پالش کرنے کے بہانے خواتین کو ٹھگنے والے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 6 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ چکڑ پلی پولیس کے بموجب چالیس سالہ بھگت منوج کمار ساکن ضیاء گوڑہ جس کا تعلق بھاگل پور بہار سے ہے کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے کر تفتیش کی گئی جس میں اس نے یہ انکشاف کیا کہ وہ اپنے بہاری ساتھیوں پنکج ،سچن کمار ، دیپک کمار، امیت کمار، راکیش شاہ، رامچندر شاہ ،اومیش ،نردوش کمار اور دیگر کی مدد سے دو ٹولیاں تشکیل دی تھی۔ خود کو اجالا واشنگ پاوڈر کمپنی سے وابستہ ہونے کا دعوی کرتے ہوئے مکانات میں موجود تنہا خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے طلائی زیورات کی پالش کرنے کے بہانے کئی افراد کو ٹھگ لیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین نے عثمانیہ یونیورسٹی، ماریڈ پلی مہانکالی، بیگم پیٹ ،چکڑ پلی مارکٹ اور بیگم پیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں خواتین کو ٹھگنے کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس نے منوج کمار کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 20 تولے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔