زیورات کی پالش کے بہانے دھوکہ دینے والی ٹولی گرفتار

مسروقہ مال ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے سونے چاندی کے زیورات کی پالش کے بہانے عوام کی توجہ ہٹاکر لوٹ لینے والی تین رکنی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ محمد ستار علی جو 16 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے اور اُس کا تعلق بھاگلپور (بہار) سے ہے۔ وہ اپنے دو ساتھیوں چھوٹے میاں اور محمد عامر کی مدد سے حیدرآباد، سائبرآباد، سنگاریڈی اور دیگر علاقوں میں سنگین وارداتیں انجام دے رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ محمد ستار علی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ رہائشی کالونیوں میں گھوم کر خود کو جیویلری پالش کرنے والے ظاہر کرتے ہوئے مکانات میں داخل ہوا کرتے تھے اور خواتین کو دھوکہ دیتے ہوئے بڑے ہی شاطرانہ انداز میں طلائی زیورات کے ساتھ رفو چکر ہوجاتے تھے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ دھوکہ باز اپنے ساتھ ایک کمیکل پاؤڈر لایا کرتے تھے اور اِس پاؤڈر کے ذریعہ سونے چاندی کی پالش کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے چکمہ دے کر طلائی زیورات لے کر فرار ہوجاتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2016 ء سے اب تک مذکورہ ٹولی نے شہر کے علاقہ مادنا پیٹ، مارکٹ پولیس اسٹیشن، حسینی علم، لنگرحوض پولیس اسٹیشن حدود میں وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 162 گرام مسروقہ زیورات، کمیکل پاؤڈر اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے اور اُنھیں مونڈھا مارکٹ پولیس کے حوالے کردیا۔