زیورات کا سرقہ ۔ آفس بوائے گرفتار

حیدرآباد30 اگست (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے ایک آفس بوائے کو سرقہ کے الزام میں گرفتار کرلیا جو فلم میں کام کرنے کا خواہش مند تھا۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز کے سرینواس نے بتایا کہ 24 سالہ پی رمیش ساکن کملا پوری کالونی جو گنٹور کا متوطن ہے، ایک خانگی ادارہ میں آفس بوائے تھا، اس نے ساتھی ملازمہ کے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا جس پر بنجارہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ رمیش نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ وہ فلموں میں اداکاری کا خواہش مند ہے جس کیلئے زیورات کا سرقہ کیا اور مسروقہ مال سے حاصل رقم کو اپنی خواہش کی تکمیل میں استعمال کرنا چاہتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ رمیش نے سابق میں فلم میں اداکاری کیلئے کئی مرتبہ کوشش کی تھی لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔