حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے طلائی زیورات کا سرقہ کرنے والے اسکراپ تاجر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 70 تولہ مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ بتایا جاتا ہیکہ 29 سالہ رتلاوت نریش نائیک متوطن ضلع محبوب نگر ساکن مغلپورہ پیشہ سے اسکراپ کا تاجر ہے۔ 8 مارچ کو نریش نائیک اسکراپ کی خریدی کیلئے منوج کمار گوئل کے مکان پہنچا تھا۔ نائیک نے اخبار کی ردی اور دیگر اسکراپ خرید کر وہاں سے روانہ ہوگیا جبکہ منوج کمار نے اپنے مکان میں موجود طلائی زیورات اچانک غائب ہونے سے تشویش کا شکار ہوگیا۔ منوج کمار نے گمشدہ طلائی زیورات کی تلاش میں شدت پیدا کی تھی لیکن وہ ناکام رہا۔ ٹاسک فورس کو نریش نائیک کی اس حرکت سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر اسے فلک نما علاقہ میں حراست میں لے لیا گیا اور کڑی تفتیش میں اس نے سرقہ کرنے کا انکشاف کیا۔ ٹاسک فورس ایسٹ زون نے مسروقہ 70 تولہ طلائی زیورات، 8 تولے چاندی برآمد کرلیا اور مزید کارروائی کیلئے مغلپورہ پولیس کے حوالہ کردیا۔