زیر علاج اسلام پسند کو ہلاک کرنے والا پولیس ملازم گرفتار

قاہرہ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ایک مصری پولیس ملازم کو ہاسپٹل میں زیر علاج ایک اسلام پسند کو ہلاک کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔ وزارت داخلہ کے فیس بُک پیج کے مطابق کہ مہلوک اسلام پسند ممنوعہ تنظیم اخوان المسلمین کا ایک رکن تھا تاہم اسے قاہرہ کے الورق ڈسٹرکٹ میں بم تنصیب کرنے کے جرم میں گرفتار کیاگیا تھا۔ فیس بک پر یہ بھی تفصیل پیش کی گئی ہے کہ ہاسپٹل میں زیرعلاج اسلام پسند نے ہاسپٹل میں ہی موجود ایک پولیس ملازم کو کچھ ایسی بات کہہ دی جس سے وہ مشتعل ہوگیا اور طیش میں آکر اسے گولی ماردی۔ وزارت کے مطابق پولیس ملازم کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔