حیدرآباد /24 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر میں ایک اور زیر تعمیر عمارت کی دیوار منہدم ہونے سے دو مزدور ہلاک ہوگئے ۔ ایک بڑی کنسٹرکشن کمپنی جو کئی بڑے تعمیری کام انجام دے رہی ہے کے خلاف رائے درگم پولیس نے لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 22 سالہ ضیا انصاری اور 40 سالہ دلیپ یادو جو اس کمپنی میں مزدوری تھے کل رات پیش آئے حادثہ میں فوت ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق سیلر بیسمنٹ میں بائنڈنگ کے کاموں کے دوران یہ حادثہ پیش آیا جو رات تقریباً 7 تا 8 بجے کے درمیان جاری تھا ۔ ضیا انصاری اور دلیپ دیگر 15 مزدوروں کے ہمراہ بیسمنٹ میں مصروف تھے کہ ایک دیوار اچانک منہدم ہوگئی اور دونوں دیوار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ضیا انصاری اور دلیپ کے پی سی لمیٹیڈ کمپنی کے زیر نگرانی جاری تعمیراتی کاموں میں مزدوری کرتے تھے اور اس کنسٹرکشن سائٹ کے قریب جھونپڑ پٹی میں رہتے تھے ۔ جن کا تعلق بہار سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس رائے درگم نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔